وزیر اعلیٰ پنجاب نے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی مانیٹرنگ کے لیے صوبائی وزیر بلدیات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی

وزیر اعلیٰ پنجاب نے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی مانیٹرنگ کے لیے صوبائی وزیر بلدیات کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے شہروں کی ترقی کیلئے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کے لیے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی سربراہی میں اعلیٰ سطح سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی ہے۔

 اس کمیٹی میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور دیگر افسران بطور ممبران شامل ہیں۔اس ضمن میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (PMDFC) کا دورہ کیا اور پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ ایم ڈی سید زاہد عزیز نے کمیٹی کو پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیر بلدیات نے بتایا کہ پنجاب کے 35 اضلاع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ترقیاتی کاموں کے لیے سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ یہ پروگرام سیوریج، ڈرینج، بارانی پانی کے ذخیرے، پارکس، اور گلیوں کی تعمیر و مرمت جیسے منصوبوں پر مشتمل ہے، اور ڈرینج سسٹمز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 59 اور دوسرے مرحلے میں 110 شہروں کی اپ گریڈیشن ہوگی۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ یہ میگا پراجیکٹ ورلڈ بینک کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے اور اس کا مقصد برسوں سے شہروں میں موجود بنیادی سہولیات کے مسائل کو ختم کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت دی ہے کہ اگلے سال تک 50 شہروں میں یہ منصوبہ مکمل کیا جائے۔کمیٹی ہر شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر مشاورت کیلئے مقامی نمائندوں سے بھی رابطہ کرے گی، جبکہ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ضلعی سٹیئرنگ کمیٹیاں قائم کی جائیں گی۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت دی کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کو بطور ماڈل مدنظر رکھا جائے اور زیادہ تر انسانی وسائل پہلے سے دستیاب عملے سے حاصل کیے جائیں، صرف ناگزیر اسامیوں پر نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کو آئندہ دو سال میں مکمل کر لیا جائے گا جس سے اگلے 25 سال تک شہری علاقوں کی بلدیاتی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔