ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کے لیے کمیٹی تشکیل، سربراہی جسٹس منیب اختر کو سونپی گئی

ججز کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کے لیے کمیٹی تشکیل، سربراہی جسٹس منیب اختر کو سونپی گئی

اسلام آباد میں سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی صدارت میں ہوا جس میں ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

 اجلاس میں جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق، اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ہاشم کاکڑ نے شرکت کی۔اجلاس میں ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں ترامیم کی ضرورت پر بات چیت کی گئی، جس کے نتیجے میں جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی، جو ان ترامیم پر تجاویز پیش کرے گی۔اس کے علاوہ، جوڈیشل کونسل نے ججز کے خلاف 35 انفرادی شکایات کا جائزہ بھی لیا۔

 ان میں سے 30 شکایات کو بے بنیاد قرار دے کر خارج کر دیا گیا، جبکہ پانچ شکایات پر مزید وضاحت اور جواب طلب کیا گیا۔ اجلاس میں کسی جج کے خلاف شکایت کی تفصیل یا ان کے نام کا ذکر نہیں کیا گیا، تاکہ شکایات کا جائزہ لینے کا عمل شفاف اور بغیر کسی اثر و رسوخ کے ہو۔اس اجلاس کے دوران ججز کے اخلاقی ضوابط اور ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے مزید ہدایات بھی دی گئیں تاکہ عدلیہ کی آزادی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔