راولپنڈی: پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کے لیے ہائی پاورڈ کمیٹی قائم کردی۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کی سربراہی سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ کریں گے، جبکہ ڈی آئی جی لاہور شعیب خرم اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن راولپنڈی سیف اللہ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی پاورڈ کمیٹی حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کا ازسرنو جائزہ لے گی اور رواں ہفتے راولپنڈی کا دورہ کرے گی۔ کمیٹی دورے کے دوران جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ اب تک ہونے والی تفتیش کا بھی تفصیلی جائزہ لے گی۔دوسری جانب راولپنڈی پولیس کو کیس سے متعلق فرانزک نمونوں کی رپورٹس موصول ہوگئی ہیں، جن میں پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ بھی شامل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے مقتولہ حنا جاوید کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ حنا جاوید کو 21 اگست کو ان کے گھر میں قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ سول لائن میں درج ہے، جبکہ مقدمے میں نامزد مقتولہ کے شوہر فیصل اصغر اور گھریلو ملازم ذیشان ارشد اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں ہیں۔حنا جاوید کے اہلخانہ نے راولپنڈی پولیس کی تفتیش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پارلیمنٹ کی کاکس کمیٹی اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق کو بھی خطوط ارسال کیے تھے۔