ویب ڈیسک: پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مِسری کو انتہا پسند عناصر کی جانب سے شدید تنقید اور سنگین دھمکیوں کا سامنا ہے۔
ان انتہا پسندوں نے سیکرٹری خارجہ کو "غدار" قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم شروع کر دی ہے۔رپورٹس کے مطابق، جنگ کے حامی شدت پسند حلقے وکرم مِسری کے اس فیصلے سے سخت نالاں ہیں کہ بھارت نے پاکستان کے ساتھ امن کی راہ اختیار کی۔ اسی غصے میں انہیں اور ان کے اہل خانہ کو آن لائن اور ذاتی طور پر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ ان دھمکیوں کے بعد وکرم مِسری نے احتیاطاً اپنا سوشل میڈیا اکاؤنٹ لاک کر دیا ہے۔
دوسری جانب بھارت کی سیاسی قیادت، غیر ملکی سفارت کار، اور انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (IAS) ایسوسی ایشن نے وکرم مِسری سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک پیشہ ور سول سرونٹ کو محض اپنے فرائض کی انجام دہی پر نشانہ بنانا قابل افسوس ہے۔متعدد مبصرین نے خبردار کیا ہے کہ اس قسم کا رویہ نہ صرف جمہوری اقدار کے خلاف ہے بلکہ بھارت کے سفارتی اداروں کو بھی دباؤ میں لانے کی کوشش ہے، جو ملک کی عالمی ساکھ پر منفی اثر ڈال سکتی ہے۔