ٹرمپ نے ایران کے وزیر خارجہ کا بیان اپنے سوشل اکاؤنٹ پر شیئر کر دیا

ٹرمپ نے ایران کے وزیر خارجہ کا بیان اپنے سوشل اکاؤنٹ پر شیئر کر دیا

پاکستان کی اعلیٰ قیادت وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کاوشوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ بڑے تصادم کو روکنے کے لیے جاری کوششوں میں پیش رفت سامنے آئی ہے، جبکہ دونوں ممالک کی جانب سے مختلف دعوے بھی کیے جا رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دو ہفتوں کی جنگ بندی کو اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی کا ایک بیان بھی شیئر کیا۔اس بیان میں عباس عراقچی نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں کامیاب سفارتکاری اور مشرقِ وسطیٰ کو ممکنہ بحران سے بچانے میں اہم کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست اور امریکا کی جانب سے پیش کی گئی 15 نکاتی مذاکراتی تجویز کے تناظر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی 10 نکاتی تجویز کو مذاکرات کی بنیاد کے طور پر قبول کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد ایران نے اپنا مؤقف واضح کیا۔

ایران نے کہا ہے کہ اگر اس کے خلاف حملے روک دیے جائیں تو اس کی مسلح افواج بھی دفاعی کارروائیاں معطل کر دیں گی۔مزید یہ کہ دو ہفتوں کے لیے آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ فراہم کرنے کا معاملہ ایران کی مسلح افواج کے ساتھ رابطے اور تکنیکی حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکن بنایا جائے گا۔ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدامات خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔