بھارت میں پاکستانیوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کرنے کی مہم کے تحت اب پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات شیری رحمان کا اکاؤنٹ بھی بلاک کر دیا گیا ہے۔
شیری رحمان نے اس اقدام پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا مقصد سچ بولنے والوں کو خاموش کرنا ہے۔ ان کے مطابق بھارتی حکومت سوشل میڈیا پر پابندیوں کے ذریعے پہلگام واقعے کے حقائق چھپانا چاہتی ہے۔پی پی پی سینیٹر نے زور دیا کہ بھارت کا یہ طرزِ عمل قابل مذمت ہے اور عالمی سطح پر اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا: "بھارت چاہے جو بھی کر لے، حقائق سے فرار ممکن نہیں۔" ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے بلاجواز جارحیت کی، جبکہ پاکستان نے ذمہ دارانہ انداز میں جواب دیا۔
شیری رحمان نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو پاکستان مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، لیکن قومی خود مختاری پر دوبارہ حملہ ہوا تو اس کا بھرپور دفاع کیا جائے گا۔