عمران خان نے جنید اکبر کو تحریک شروع کرنے کا ٹاسک دے دیا، علیمہ خان کا انکشاف

عمران خان نے جنید اکبر کو تحریک شروع کرنے کا ٹاسک دے دیا، علیمہ خان کا انکشاف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی جانب سے جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت کی وجہ سامنے آگئی ہے۔

علیمہ خان نے گفتگو میں انکشاف کیا کہ عمران خان نے جنید اکبر کو خیبر پختونخوا سے تحریک شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔علیمہ خان کے مطابق عمران خان کا مؤقف ہے کہ پی اے سی چیئرمین شپ اور تحریک کی سرگرمیوں کو بیک وقت سنبھالنا ممکن نہیں، اس لیے جنید اکبر کو تمام تر توجہ احتجاجی تحریک پر مرکوز کرنے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے جنید اکبر کو پارٹی کی تحریک اور احتجاجی سرگرمیوں کی مکمل ذمہ داری سونپ دی ہے اور ہدایت دی ہے کہ وہ خیبر پختونخوا سے اس کا آغاز کریں۔ علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ پی اے سی چیئرمین کی ذمہ داری عمر ایوب کو دیے جانے کی تجویز بھی عمران خان نے دی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان کا پیغام بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سمیت پارٹی قیادت کو پہنچا دیا ہے۔ عمران خان کا مؤقف ہے کہ یہ تحریک پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کی رہائی، انتخابی دھاندلی کے خلاف مؤقف اور سیاسی آزادی کے لیے ضروری ہے۔