پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کے اجلاس میں چیئرمین جنید اکبر خان نے وزارت خزانہ کے حکام پر برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران، انہوں نے خاتون افسر کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ آپ یہاں چائے پینے آئی تھیں؟ آپ کو پتہ تھا کہ یہ آڈٹ پیرا آنا تھا، آپ کی تیاری نہیں تھی تو یہاں بیٹھی کیوں تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے مجبور نہ کریں کہ میٹنگ سے کسی کو نکالوں، جو یہاں آئے تیاری کے ساتھ آیا کرے۔آڈٹ حکام نے بتایا کہ مالی سال 2021-22 کے دوران 5.5 ملین روپے کی مختلف سروسز بغیر مسابقتی عمل کے حاصل کی گئیں، جو قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر چیئرمین پی اے سی نے استفسار کیا کہ کیا وزارت خزانہ پیپرا رولز معطل کر سکتی ہے؟ انہوں نے پندرہ دنوں میں ذمہ داران کا تعین کرکے کمیٹی کو رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔