عمران خان کا جنید اکبر کو پی اے سی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا حکم

عمران خان کا جنید اکبر کو پی اے سی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا حکم

لاہور: بانی تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی رہنما جنید اکبر کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ چھوڑنے کی ہدایت دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کا یہ پیغام ان کی ہمشیرہ علیمہ خان کے ذریعے پارٹی قیادت تک پہنچایا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کا تحریری پیغام بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ کو دیا، جس میں ہدایت کی گئی کہ جنید اکبر پارٹی عہدوں پر توجہ دیں اور پی اے سی کی سربراہی چھوڑ دیں۔پارٹی ذرائع کے مطابق پی اے سی کی چیئرمین شپ کے لیے عمر ایوب کا نام زیر غور ہے اور جلد ہی اس حوالے سے باضابطہ اعلان متوقع ہے۔

اس حوالے سے جنید اکبر نے کہا ہے کہ جب بھی بانی پی ٹی آئی حکم دیں گے، وہ فوراً چیئرمین شپ سے دستبردار ہو جائیں گے۔دوسری جانب پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ یہ پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے اور فی الحال اس پر کوئی مؤقف نہیں دینا چاہتے۔یہ پیش رفت پارٹی میں جاری تنظیمی تبدیلیوں اور داخلی مشاورت کے تناظر میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔