ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں اسلحہ ہینڈلنگ اور آرمررز ٹریننگ کورس

لاہور(کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اسلحہ ہینڈلنگ اور آرمررز ٹریننگ کورس کا انعقاد کیا گیا۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد خالد سعید کی زیرنگرانی تین ماہ پر محیط کورس مکمل ہونے پر سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے 10 جوانوں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔کورس کے دوران اسلحہ کوت انچارج اور تجربہ کار اساتذہ نے اہلکاروں کو اسلحہ کی صفائی، حفاظت، مرمت، اسمبلی و ڈس اسمبلی اور محفوظ استعمال کے اصولوں سے آگاہ کیا۔ شرکاء￿  کو جدید طریقہ کار اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بھی تربیت فراہم کی گئی۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد خالد سعید نے کہا کہ پولیس فورس کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کے لیے جدید خطوط پر تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ آرمررز کورس کا مقصد اہلکاروں کو اسلحہ کی دیکھ بھال، حفاظت اور مرمت کے حوالے سے فنی مہارت سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے سکیں۔کورس کی کامیاب تکمیل پر ایس پی محمد خالد سعید نے تربیت حاصل کرنے والے اہلکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے اور ان کی پیشہ ورانہ تربیت کو پولیس فورس کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے اہم قرار دیا۔