آئی جی کی لاہور پولیس سمیت صوبہ بھر کے افسران اور اہلکاروں کو شاباش

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے یوم شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر لاہور پولیس سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور تمام افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس فورس کو شاباش دی ہیآئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور پولیس سمیت صوبہ بھر میں تعینات افسران و اہلکاروں نے بہترین پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کو مؤثر انداز میں یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ایگزیکٹو و ٹریفک پولیس، سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی سمیت تمام یونٹس باہمی مؤثر کوارڈینیشن پر ستائش کے مستحق ہیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ یوم شہادت حضرت علیؓ کے پرامن انعقاد میں اضلاع کی انتظامیہ، سیف سٹیز اتھارٹی، سکیورٹی اداروں اور میڈیا نے پنجاب پولیس کو بھرپور معاونت فراہم کی۔ انہوں نے بین المسالک ہم آہنگی اور بھرپور تعاون پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین کا بھی شکریہ ادا کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ فرائض سرانجام دیتے رہیں گے۔