مریم نواز نے سینئر اداکار عاصم بخاری کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مرحوم کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ عاصم بخاری کی اداکاری نے ناظرین کے دلوں میں ہمیشہ ایک خاص مقام بنایا اور ان کی فنی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔واضح رہے کہ عاصم بخاری ہسپتال میں زیر علاج تھے اور گزشتہ رات طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد کومہ میں چلے گئے، اور آج خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم ایک عرصے سے گردوں اور دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور گزشتہ 15 روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔سینئر اداکار نے اپنے طویل فنی کیریئر کے دوران متعدد ٹی وی ڈراموں، اسٹیج اور فلموں میں کام کیا اور اپنی شاندار اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔ شوبز حلقوں میں انہیں اداکاری کا استاد کہا جاتا تھا اور انہوں نے کئی نئے فنکاروں کی رہنمائی بھی کی۔