پاکستان علاقائی استحکام کیلئے اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا:اسحاق ڈار

 وزیرخارجہ اسحاق ڈار کا کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ ،کویت پر ہونے والے حملوں پراظہار تشویش 
اسلام آباد ( آن لائن)  نائب وزیرِ اعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کویت کے وزیرِ خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دونوں ممالک کے  علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔گفتگو کے دوران، دونوں رہنماؤں نے حالیہ علاقائی کشیدگی اور کویت پر ہونے والے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے کویتی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کے یکجہتی کے جذبات کا اعادہ کیا اور مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے ذریعے امن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزرائے خارجہ نے سلامتی کونسل سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور تاریخی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام کے لیے مذاکرات اور تعاون کے عمل میں اپنا مثبت کردار جاری رکھے گا۔