پاکستان نے پورے بحران کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا:نائب وزیراعظم کی آسٹریلیا کے وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو
محمد اسحاق ڈار سے سعودی سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال‘برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)نائب وزیراعظم اسحاق ڈارنے کہا ہے پاکستان نے پورے بحران کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے ذمہ داری کے ساتھ کردار ادا کرتا رہے گا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈارسے آسٹریلیا کے وزیر خارجہ کا ٹیلی فون رابطہ ہوا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق آسٹریلوی وزیر خارجہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیااورآسٹریلوی وزیر خارجہ نے امید ظاہر کی کہ جنگ بندی دیرپا امن کا باعث بنے گی۔وزیر خارجہ اسحاق ڈارنے کہا کہ پاکستان نے پورے بحران کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، پاکستان نے صرف اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا حق استعمال کیا، پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے ذمہ داری کے ساتھ کردار ادا کرتا رہے گا۔دریں اثناء اسحاق ڈار سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا اور تمام شعبوں میں پہلے سے موجود برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔