پاکستان اور ملائیشیا کا آپریشنل تعاون بڑھانے اور ابھرتے ہوئے بحری سکیورٹی چیلنجز کے خلاف مربوط ردعمل پر اتفاق
کوالالمپور(آن لائن)پاکستان اور ملائیشیا کی بحری افواج کے سربراہوں نے تیزی سے بدلتے ہوئے پیچیدہ بحری ماحول میں تزویراتی نقطہ نظر کو ہم آہنگ کرنے ‘ آپریشنل تعاون بڑھانے اور ابھرتے ہوئے بحری سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف مربوط ردعمل پر اتفاق کیاہے۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار بحری ریاست کے طور پر بحری سلامتی کیلئے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا۔پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور رائل ملائیشین نیوی کی اعلی قیادت سے ملاقات کی۔یہ دورہ پاک بحریہ کے تعاون پر مبنی بحری سیکیورٹی اور بحری سفارت کاری کے عزم کا عکاس ہے۔رائل ملائیشین نیوی ہیڈکوارٹرز آمد پر رائل ملائیشین نیوی کے سربراہ ایڈمرل تان سری (ڈاکٹر)ذوالحلمی بن اثنیننے سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کیا۔رائل ملائیشین نیوی ہیڈکوارٹرز میں سر براہ پاک بحریہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔دونوں سربراہان نے ملاقات کے دوران تیزی سے بدلتے ہوئے پیچیدہ بحری ماحول میں تزویراتی نقطہ نظر کو ہم آہنگ کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں سربراہان نے آپریشنل تعاون بڑھانے اور ابھرتے ہوئے بحری سیکیورٹی چیلنجز کے خلاف مربوط ردعمل پر اتفاق کیا۔