پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں‘غیر حل شدہ تنازعات اور عالمی ذمہ داریوں کی عدم تکمیل اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے:اجلاس سے خطاب
انسانی وسائل کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون پر توجہ دی جائے گی، ایران میں آئندہ ماہ ای سی او سربراہی اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہیں:میڈیا کو بریفنگ
اسلام آباد(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک )نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مسائل کے پرامن حل کا حامی ہے، پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کے خواہاں ہیں جو وسیع تر علاقائی ڈھانچے کا مکمل حصہ ہو اور اپنے ساتھ ساتھ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے،علاقائی تعاون کیلئے افغانستان کو جائز سکیورٹی خدشات دور کرنا ہوں گے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کے دوسرے روز خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان رکن ممالک کے درمیان رابطوں کیلئے کردار ادا کرے گا، درپیش چیلنجز کا مقابلہ مل کر کرنا ہوگا۔اسحاق ڈار نے اقتصادی ایجنڈے کی کامیابی کیلئے امن اور استحکام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں، اقتصادی تعاون استحکام میں مشترکہ مفادات پیدا کرتا ہے، جبکہ عدم تحفظ ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تنازعات اور عدم استحکام پر گہری تشویش رکھتا ہے، خطے میں تنازعات کے اثرات قومی سرحدوں سے آگے تک پھیلتے ہیں، عدم استحکام سے تجارتی راستے، توانائی کی فراہمی، سرمایہ کاری اور عوام کے اقتصادی منصوبے متاثر ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کا مسلسل حامی رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ برادر ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے ہیں، پاکستان پرامن حل کے لئے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ دریں اثناء وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ساتھ نیوز بریفنگ دیتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاپاکستان کو دو سال کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی چیئرمین شپ مل گئی ہے، پاکستان خطے میں ترقی، امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ پاکستان ای سی او کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کے لیے پْرعزم ہے، تنظیم کے مقاصد میں خطے کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام شامل ہیں۔ پاکستان اپنی چیئرمین شپ کے پہلے سال خطے کے ممالک کے درمیان رابطوں اور باہمی تعاون کو فروغ دے گا، پاکستان نے اپنی چیئرمین شپ کے دوران ای سی او کو دوبارہ ایک فعال فورم بنایا ہے۔وژن 2026ء سے 2035ء خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لیے مستقبل کی سمت متعین کرتا ہے، علاقائی امن و استحکام خطے کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے، پاکستان تمام تنازعات کا بات چیت کے ذریعے پرامن حل چاہتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ انسانی وسائل کی ترقی، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی، ایران میں آئندہ ماہ ای سی او سربراہی اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔