پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کیلئے سفارتکاری جاری رکھے گا اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم  اور کویتی وزیر خارجہ میں رابطہ، پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف‘برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
اسلام آباد(  آن لائن ) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے   کویت کے وزیر خارجہ  شیخ جراح جابر الاحمد الصباح  سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے اور عالمی سطح پر بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ اور دیگر خطوں میں جاری سفارتی پیش رفت، امن کی کوششوں اور علاقائی استحکام کے امور پر غور کیا۔کویتی وزیر خارجہ نے پاک-امریکہ اور ایران کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے پاکستان کے ثالثی کردار کو سراہا اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے سفارت کاری اور مکالمے کی حمایت جاری رکھے گا۔دونوں وزرائے خارجہ نے جاری سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج اور خطے میں جلد دیرپا امن کے قیام کی امید کا اظہار کیا۔رابطے کے اختتام پر پاکستان اور کویت نے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مستقبل میں قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔