جعفر ایکسپریس حملہ: 155 مسافر بازیاب، 27 دہشت گرد ہلاک

جعفر ایکسپریس حملہ: 155 مسافر بازیاب، 27 دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک: کوئٹہ میں جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کا آپریشن تاحال جاری ہے۔

 کلیئرنس آپریشن میں 155 مسافروں کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے جبکہ 27 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق، سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، اور دہشت گرد چھوٹی ٹولیوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ سکیورٹی فورسز باقی مسافروں کی بحفاظت رہائی کے لیے کوشاں ہیں اور دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔ آپریشن آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ذرائع کے مطابق، دہشت گرد افغانستان میں اپنے سہولت کاروں سے رابطے میں ہیں، اور ان میں خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔ خودکش بمبار دہشت گردوں نے یرغمالیوں کے ساتھ خودکش جیکٹس پہن رکھی ہیں، اور وہ معصوم افراد کو ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز اس صورتحال کے پیش نظر انتہائی احتیاط سے کام لے رہی ہیں۔

دوسری جانب، امن و امان کے پیش نظر جعفر ایکسپریس کو تین روز کے لیے معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ کراچی جانیوالی بولان میل کی سروس بھی معطل کی گئی ہے۔سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ جعفر ایکسپریس پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد بھارت اور ملک دشمن سوشل میڈیا پر غیر معمولی سرگرمی دیکھنے کو ملی ہے۔ ہندوستانی میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس گمراہ کن اور جھوٹا پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔ پرانی ویڈیوز، اے آئی سے تیار کردہ ویڈیوز، اور فیک وٹس ایپ پیغامات کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ذرائع نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈے کی بجائے مستند ذرائع سے حاصل کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔