جعفر ایکسپریس حملے پر پیوٹن کا پاکستان کو تعزیت، دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے کا عزم

جعفر ایکسپریس حملے پر پیوٹن کا پاکستان کو تعزیت، دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے کا عزم

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کے حوالے سے پاکستان کی قیادت سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

روسی سفارتخانے کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں پیوٹن نے اس افسوسناک حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی نشانہ بنے۔پیوٹن نے پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا جنہوں نے کامیاب آپریشن کے ذریعے یرغمالیوں کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے پاکستان کی فورسز نے بڑی جرات کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں سیکڑوں معصوم جانیں بچائی جا سکیں۔پیوٹن نے پاکستان کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ انہوں نے اپنے تعزیتی پیغام میں صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "اس بزدلانہ حملے میں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔"روسی صدر نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ 12 مارچ کو بلوچستان کے بولان علاقے میں جعفر ایکسپریس کو دہشت گردوں نے یرغمال بنایا تھا جس کے نتیجے میں 33 دہشت گردوں کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے ہلاک کر کے 300 سے زائد مسافروں کو بحفاظت بازیاب کر لیا تھا۔