وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت سے کالام روڈ منصوبہ فوری مکمل کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے اس حوالے سے وفاقی وزیر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ این 95 کالام روڈ 2022 کے سیلاب میں شدید متاثر ہوا تھا اور مختلف مقامات پر اس کی حالت اب بھی خراب ہے۔ خط کے مطابق عارضی بحالی کے باوجود سڑک کے متعدد حصے دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکے ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ خستہ حال سڑک کے باعث مقامی آبادی اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سفر خطرناک اور دشوار ہو چکا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ منصوبے کو سیاحتی سیزن سے قبل مکمل کیا جائے اور اگر وفاقی حکومت کو مالی یا انتظامی رکاوٹ درپیش ہو تو این او سی جاری کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ این او سی کی صورت میں خیبر پختون خوا حکومت اپنے وسائل سے منصوبہ مکمل کرنے کے لیے تیار ہے۔ خط میں زور دیا گیا ہے کہ کالام روڈ کی بحالی علاقائی رابطوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔