منی فیکٹری سے تیار گٹکا اور مشین برآمد، سپلائی نیٹ ورک بے نقاب
لاہور(کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کے احکامات کی روشنی میں گٹکا مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران مصری شاہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے گٹکا تیار اور سپلائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم پرویز منظور کو گٹکا کی سپلائی کے دوران گرفتار کیا گیا، ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے گودام کی آڑ میں گٹکا تیار کرنے والی ایک منی فیکٹری قائم کر رکھی تھی جہاں بڑے پیمانے پر گٹکا تیار کیا جا رہا تھا، کارروائی کے دوران پولیس نے ملزم کے قبضے سے 25 کلو گرام تیار قوام گٹکا، گٹکا تیار کرنے والی مشین اور دیگر خام مال برآمد کر لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا قوام کئی سو کلو گرام گٹکا تیار کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا تھا، تحقیقات کے مطابق ملزم لاہور کے مختلف علاقوں میں پابندی کے باوجود گٹکا تیار کرکے فروخت اور سپلائی کرتا تھا جبکہ ترسیل کے لیے مقامی ٹرانسپورٹ استعمال کی جاتی تھی، ایس پی سٹی عاطف امیر نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے اور گٹکا مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔