تیز رفتار ڈمپر نے راہگیر کچل ڈالا، گاڑی تلے آکر کائنات چل بسی وین نہر میں گرنے سے 7 افراد زخمی
لاہور(کرائم رپورٹر)ٹریفک حادثات میں بچی سمیت 2افراد جاں بحق ہو گئے۔باغبان پورہ کے علاقے سلامت پورہ کے قریب ایک تیز رفتار ڈمپر نے سڑک عبور کرنے والے راہگیر کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں 18 سالہ شاہد موقع پر ہی جاں بحق ہوگیداتا دربار روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 7 سالہ بچی کائنات جاں بحق جبکہ دو خواتین زخمی ہو گئیں۔پولیس کے مطابق ڈرائیور نے مبینہ طور پر غفلت اور لاپرواہی کامظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کا ایکسیلیٹر دبا دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی بے قابو ہو کر متاثرین سے جا ٹکرائی۔ حادثے کے باعث 7 سالہ کائنات موقع پر جاں بحق ہو گئی جبکہ دو خواتین زخمی ہوئیں۔ریسکیو ٹیموں نے زخمی خواتین کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا ایس پی سٹی عاطف امیر کے مطابق حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تاہم پولیس نے گاڑی کو تحویل میں لے لیا ہے۔ داتا دربار پولیس نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور اسے جلد گرفتار کر لیا جائے گاپولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔دھرم پورہ چبچہ پھاٹک کے قریب تیز رفتار ٹیوٹا ہائیس وین بے قابو ہو کر نہر میں جا گری جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہو گئے، ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو نہر سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، بعد ازاں تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے سروسز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ریسکیو حکام نے بتایا کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔