لاہور: داتا دربار روڈ حادثہ، 7 سالہ بچی جاں بحق، فرار ڈرائیور گرفتار

لاہور: داتا دربار روڈ حادثہ، 7 سالہ بچی جاں بحق، فرار ڈرائیور گرفتار

لاہور میں داتا دربار روڈ پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں ملوث ڈرائیور کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق داتا دربار آپریشنز اور انویسٹی گیشن ونگ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم سہیل کو حراست میں لیا۔ ایس پی سٹی کے مطابق ملزم تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے بے قابو ہوا اور سڑک پر موجود افراد کو ٹکر مارنے کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔حادثے کے نتیجے میں دو خواتین زخمی ہوئیں جبکہ 7 سالہ بچی کائنات زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کی۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں حادثے کی وجہ مبینہ طور پر تیز رفتاری اور غفلت قرار دی جا رہی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔