میڈیا انڈسٹری کی مالی مشکلات حل کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا: عطا ء تارڑ

کئی چینلزملازمین کو چار ماہ کی تنخواہیں دینے کی بھی سکت نہیں رکھتے‘ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے
ماحولیاتی تبدیلی بڑا چیلنج، شعور کے بغیر موثر اقدامات ممکن ہیں نہ  محفوظ مستقبل کی ضمانت  دی جاسکتی ہے:قومی اسمبلی اور   بین الاقوامی کانفرنس گرین جرنلزم سے خطاب 
اسلام آباد(آئی این پی ‘آن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے الیکٹرانک میڈیا کی مضبوطی اور میڈیا ورکرز کے تحفظ کو قومی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا انڈسٹری کو درپیش مالی مشکلات کے حل  کیلئے  حکومت اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ کئی چینلز ایسے ہیں جو اپنے ملازمین کو چار ماہ کی تنخواہیں دینے کی بھی سکت نہیں رکھتے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ الیکٹرانک میڈیا قومی مفاد، عوامی آگاہی اور جمہوری عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، اس لیے اس کی بقا اور استحکام کے لیے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اشتہارات چینلز کی ریٹنگ کے مطابق دئیے جاتے ہیں اور ٹاپ، مڈ اور تھرڈ ٹیئر چینلز کو اسی بنیاد پر فنڈز فراہم کیے جاتے ہیں، سابق دور میں ٹی وی چینلز کے اشتہاری ریٹس میں کمی کے منفی اثرات سامنے آئے جبکہ پولیو، انسداد دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور ڈیجیٹل والٹ سمیت عوامی آگاہی مہمات چلانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک میڈیا کو پیمرا، ایف بی آر اور دیگر ریگولیٹری اداروں کو جوابدہ ہونا پڑتا ہے، الیکٹرانک میڈیا ٹاک شوز اور خبروں میں اپوزیشن کو بھی حکومت کے برابر موقع دیا جاتا ہے، ڈیجیٹل میڈیا پالیسی تاحال مکمل طور پر منظور نہیں ہوئی، جبکہ حکومتی مہمات کے لیے پی آر فرمز کے ذریعے الگ طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے۔انہوں نے میڈیا ورکرز کے دوران ملازمت انتقال کی صورت میں مالی معاونت کی، نئی پالیسی متعارف کرانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ چینلز کو ایسے ملازمین کے اہل خانہ کے لیے مالی پیکج اور بچوں کی کفالت کا نظام وضع کرنا چاہیے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان براڈکاسٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ خصوصی اجلاس میں میڈیا ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر سہولیات کا معاملہ اٹھایا جائے گا۔دریں اثناء  اسلام آباد میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس گرین جرنلزم سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا  انسانیت کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ماحولیاتی تبدیلی ہے اور اسے روکنے کے لئے  سب سے بنیادی ضرورت شعور ہے، جس کے بغیر نہ موثر اقدامات ممکن ہیں اور نہ ہی محفوظ مستقبل کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔ صحافی برادری نے ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اس مقصد کیلئے  عملی اقدامات اور پلیٹ فارم قابلِ تحسین ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی صرف ایک سائنسی یا پالیسی مسئلہ نہیں بلکہ ایک انسانی المیہ ہے، جو پوری انسانیت کے لئے  خطرہ بنتا جا رہا ہے، جو ایک انسان کی جان بچاتا ہے وہ پوری انسانیت کو بچاتا ہے