بہت سے چینل شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں، حکومت ایسی پالیسی مرتب کر رہی ہے جو میڈیا اداروں اور صحافیوں دونوں کے لئے معاون ثابت ہوسکے
صحافیوں کی ہاؤسنگ، تربیت، میڈیا کی بحالی اور اشتہاری پالیسی پر صحافتی تنظیموں سے مشاورت جاری، الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کو مضبوط بنانا مشترکہ ذمہ داری ہے
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے نیشنل پریس کلب کی ویب سائیٹ کا افتتاح کردیا ۔ انہوں نے کہا ڈیجیٹل کانٹنٹ کری ایشن موجودہ دور کی اہم ضرورت بن چکی ہے، تاہم الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے استحکام اور تحفظ کو یقینی بنانا بھی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت صحافیوں اور میڈیا اداروں کو درپیش مالی مسائل کے حل کے لیے نئی پالیسی پر کام کر رہی ہے، جبکہ صحافیوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے شارٹ کورسز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کی ہاؤسنگ سے متعلق معاملات پر سنجیدگی سے غور جاری ہے اور اس حوالے سے تمام فیصلے صحافتی تنظیموں اور نمائندوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے تاکہ دیرینہ مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکے۔انہوں نے کہا بہت سے ٹی وی چینلز اس وقت شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں، جس کے پیش نظر حکومت ایسی پالیسی مرتب کر رہی ہے جو میڈیا اداروں اور صحافیوں دونوں کے لیے معاون ثابت ہو۔ انہوں نے اس عمل میں صحافتی برادری کی رہنمائی کو ناگزیر قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا معاشرے کی بنیادی ضرورت ہیں اور انہیں فروغ دینا حکومت اور صحافیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔