خیبر پختونخوا میں 11سال کے دوران152 ارب کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں عطا ء تارڑ

 صوبائی  حکومت نے صوبے میں کرپشن کے فروغ کے سوا کچھ نہیں کیا ،باتیں اور لشکر کشی کرنے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، ہمیں نصیحتیں کرنے والوں کی اپنی کارکردگی صفر ہے ‘عوامی مسائل حل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں
 سرکاری خزانے سے اربوں روپے    سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کیلئے دیئے جاتے ہیں‘خیبر پختونخوا کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں ، صوبائی حکومت صوبے کے عوام سے کس بات کا بدلہ لے رہی ہے:پریس کانفرنس
 لاہور(خصوصی رپورٹر‘ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے وائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے کہا ہے  خیبرپختونوا میں 10 ماہ میں انتہا کی کرپشن میں دیکھنے میں آئی ہے، صوبہ میں   پی ٹی آئی  حکومت کو 11 سال ہو چکے،  اس دوران 152 ارب روپے کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں، عوامی مسائل حل کرنے پر کسی کی توجہ نہیں، سرکاری خزانے سے اربوں روپے    سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کیلئے دیا جاتاہے  ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے  لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا  عوامی مینڈیٹ کے تحت وفاق میں مخلوط حکومت معرض وجود میں آئی، تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اپنے منشور کے تحت الیکشن لڑا،  سیاسی جماعتیں نے اپنے منشور کے تحت عوام سے کچھ وعدے کئے تھے۔ ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن ، خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف، سندھ اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کو پاکستان کے عوام نے مینڈیٹ دیا، سیاسی جماعتوں نے عوام کو باور کرایا کہ عوام کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت کو 11 سال ہو چکے ہیں، خیبرپختونخوا میں مالیاتی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں میں اضافہ ہوا، خیبرپختونخوا حکومت کو 152 ارب روپے کے مالیاتی خسارے کا سامنا ہے، خیبرپختونخوا میں سرکاری خزانے سے اربوں روپے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کیلئے دیا جاتاہے، خیبر پی کے میں سوشل میڈیا کو ادائیگی فرضی کمپنیوں کے نام پر کی جاتی ہے، خیبر پختونخوا کا مجموعی خسارہ 725 ارب روپے ہے۔    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں 51 کروڑ روپے کی مشکوک ادائیگی ہوئی، خیبر پختونخوا کا قرض کا بوجھ 75 ارب روپے ہے، اگر اس خسارے سے نہ نمٹا گیا تو 2030تک 2555 ارب روپے ہو جائے گا، خیبر پختونخوا میں گڈ گورننس اور مالیاتی انتظام کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ  خیبر پختونخوا کے عوام محب وطن پاکستانی ہیں، پاکستان کی محبت سے سرشار لوگ ہیں، پی ٹی آئی حکومت نے صوبے میں کرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا، خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں مہنگائی میں کمی کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے، پہلے پنجاب میں بزدار کے ذریعے بدلہ لیا گیا اب کے پی میں علی امین گنڈاپور کے ذریعے بدلہ لیا جا رہا ہے، صوبائی حکومت صوبے کے عوام سے کس بات کا بدلہ لے رہی ہے؟۔ان کا کہنا تھا کہ باتیں اور لشکر کشی کرنے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، ہمیں نصیحتیں کرنے والوں کی اپنی کارکردگی صفر ہے۔ انہوں نے  کہا کہ ہم چاہتے ہیں معاملہ افہام وتفہیم سے حل کیاجائے، کے پی میں اصلاحات ہوئیں توامن وامان خراب کیوں ہے؟ آپ طالبان کوواپس لائے، سدباب کیوں نہیں کیا؟۔عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیمی شعبے کو تباہ کر دیا گیا، اساتذہ سڑکوں پر ہیں، خیبرپختونخوا میں اگر پولیس اصلاحات ہوتیں تو آج لاقانونیت نہ ہوتی، خیبرپختونخوا کی ریسکیو 1122 کی گاڑیاں سیاسی جلسوں اور دھرنوں کیلئے استعمال کی جا رہی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ  شہباز شریف کی حکومت ملک کو ڈیفالٹ سے نکال کر معاشی استحکام کی طرف لائی اور اب ترقی کی طرف بڑھ رہے ہیں