راولپنڈی: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد سینئر رہنما راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید بانیٔ تحریکِ انصاف سے ملاقات کے لیے پہنچے، تاہم انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اڈیالہ جیل کے قریب گورکھپور چیک پوسٹ پر طویل انتظار کے باوجود بغیر ملاقات کیے واپس روانہ ہو گئے۔ حکام نے کسی قسم کی ملاقات کی اجازت نہ دی اور رہنماؤں کو بیرونی ناکے سے ہی لوٹا دیا۔
ملاقات کے لیے پہنچنے والے رہنماؤں میں:
رکنِ قومی اسمبلی نثار جٹ
عالمگیر خان
چنگیز خان کاکڑ
رضوان سیان
سید فخر جہاں
فضل حکیم
اور ارشد ساہی شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی رہنماؤں کو پہلے سے ملاقات کے لیے وقت نہیں دیا گیا تھا، اور جیل انتظامیہ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ملاقات کی اجازت نہیں دی۔پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے اس اقدام پر شدید مایوسی کا اظہار کیا گیا ہے اور اسے سیاسی انتقام کی ایک اور مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ رہنماؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ قانونی طور پر قیدی کو ملاقات کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔یاد رہے کہ بانیٔ تحریکِ انصاف متعدد مقدمات میں سزا یافتہ ہونے کے بعد اڈیالہ جیل میں قید ہیں، اور پارٹی رہنماؤں کو وقتاً فوقتاً ان سے ملاقات کی اجازت دی جاتی رہی ہے، مگر حالیہ صورتِ حال میں ملاقاتوں پر پابندی ایک نئی پیش رفت ہے۔