ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے مغربی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایران کسی بھی قیمت پر جھکنے کو تیار نہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر نے واضح کیا کہ تہران اپنا پُرامن ایٹمی پروگرام کسی صورت بند نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہرگز یہ قبول نہیں کریں گے کہ جوہری تحقیق کے لیے درکار مواد کے لیے مغرب سے اجازت مانگنی پڑے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کو ایرانی جوہری پروگرام رول بیک کرنے کا کوئی حق نہیں۔ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے بھی واشگاف الفاظ میں کہا کہ اگر امریکا نے جوہری معاہدے کی عدم موجودگی میں ایران پر حملہ کیا تو ایرانی فورسز خطے میں موجود تمام امریکی اڈوں کو نشانہ بنائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے نقصانات ایران سے کہیں زیادہ ہوں گے، لیکن امید ہے کہ یہ نوبت نہیں آئے گی اور مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا چھٹا دور اتوار کو عمان کے دارالحکومت مسقط میں متوقع ہے۔