ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا، تاہم وہ جنگ یا جارحیت کا خواہاں بھی نہیں ہے۔
صدارتی عہدے کے دو سال مکمل ہونے پر اپنے بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔ اگر ایران کے خلاف دباؤ اور دھمکیاں ختم ہوجائیں تو کشیدگی جاری رکھنے کی کوئی وجہ نہیں رہے گی۔ایرانی صدر نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ایران لبنان میں جنگ روکنے، ناکہ بندی ختم کرانے اور بعض پابندیوں میں نرمی کروانے میں کامیاب رہا۔مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر چاہتے ہیں کہ ایران جنگ کرے اور اسرائیل بھی یہی چاہتا ہے تاکہ ایران کو ہتھیار ڈالنے پر مجبور کیا جاسکے، تاہم ایران سرینڈر نہیں کرے گا۔
ایرانی صدر نے الزام عائد کیا کہ امریکا ایران کے خلاف حملوں کے لیے خطے کے بعض ممالک کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران اپنی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔مسعود پزشکیان نے مزید کہا کہ حکومت، پارلیمنٹ، عدلیہ اور مسلح افواج کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی مشکل حالات سے نمٹنے میں بنیادی عنصر ثابت ہوئی ہے۔