ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور دشمن کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے,صدر مسعود پزشکیان

ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور دشمن کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے,صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور نہ ہی دشمن کے سامنے کبھی جھکیں گے۔

 انہوں نے امریکا اور اسرائیل کے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایران کسی بھی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اس وقت امریکا اور اسرائیل دونوں کے دباؤ کا مقابلہ کررہا ہے۔ ایران کو دھمکانے اور دباؤ میں لانے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم اگر ایران کو مزید دھکیلا گیا تو وہ بھی جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ایرانی صدر نے امریکا اور اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک ہی حملے میں اسکول کے 168 بچے شہید ہوئے، اس کے باوجود ایران کو دہشت گرد قرار دیا جاتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ انسانوں کو قتل کرنے والوں کو اس معاملے کا جواب دینا چاہیے۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ سائنسدانوں، اسکولوں اور اسپتالوں کو کیوں نشانہ بنایا جاتا ہے؟ اگر ہمت ہے تو صرف فوج اور فوجی اہلکاروں سے مقابلہ کیا جائے۔

انہوں نے مزید سوال کیا کہ ایران کے بنیادی ڈھانچے، عوام کے روزگار اور ذرائع آمدن کو کیوں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایرانی صدر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایرانی عوام ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور دباؤ کے سامنے سر تسلیم خم نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ ایرانی صدر جمعے کو بھارت پہنچے ہیں، جہاں وہ برکس ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کا دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔