مہاتیر محمد کی 100ویں سالگرہ؛ طویل عمر، اچھی صحت اور متحرک زندگی کا راز کیا ہے؟

مہاتیر محمد کی 100ویں سالگرہ؛ طویل عمر، اچھی صحت اور متحرک زندگی کا راز کیا ہے؟

ویب ڈیسک: ملائیشیا کے سابق وزیراعظم اور عالمی شہرت یافتہ سیاست دان ڈاکٹر مہاتیر محمد نے اپنی زندگی کی 100ویں سالگرہ نہایت سادگی اور وقار سے منائی۔

 وہ اب بھی ایک متحرک، باخبر اور فکری رہنما کے طور پر دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

اہل خانہ کے ساتھ سالگرہ، پھر دفتر کی راہ
مہاتیر محمد نے اپنی صد سالہ زندگی کا سنگِ میل اہلِ خانہ کے ساتھ کیک کاٹ کر اور مبارکبادیں وصول کرکے منایا۔ مگر اس کے بعد وہ اپنا روایتی سفاری سوٹ زیب تن کرکے معمول کے مطابق دفتر روانہ ہو گئے اور اپنے روزمرہ کے کام سرانجام دیے، جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

زندگی کا فلسفہ: کم کھائیں، دماغ چلائیں، بات کرتے رہیں
اپنی 100ویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی لائیو پوڈکاسٹ میں انہوں نے اپنی زندگی کے سفر، تجربات اور صحت کے راز پر بات کرتے ہوئے کہا:"اگر کوئی شخص مہلک بیماریوں سے محفوظ رہے تو وہ طویل عمر پا سکتا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ کم کھانا، معمولی ورزش، مطالعہ، گفتگو اور ذہن کو متحرک رکھنا ضروری ہے۔"انہوں نے کہا کہ طویل عمر کا اگر کوئی راز ہے تو وہ یہی ہے کہ:"اپنے جسم اور دماغ دونوں کو متحرک رکھیں، تب ہی زندگی آگے بڑھتی ہے۔"
بیوی کا کردار: رفیقِ سفر، رازدارِ حیات
مہاتیر محمد نے اپنی طویل عمر، خوشحال زندگی اور مسلسل سرگرمیوں کا سہرا اپنی 98 سالہ اہلیہ سیتی حسمہ کے سر باندھا۔ انہوں نے کہا:"میری بیوی میری بہترین دوست ہیں، وہ ہمیشہ میری زندگی، فیصلوں اور سرگرمیوں میں میرے شانہ بشانہ رہی ہیں۔"
بین الاقوامی مسائل پر دو ٹوک مؤقف
اپنی گفتگو میں مہاتیر محمد نے فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت اور غاصبانہ پالیسیوں پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا:"دنیا کو فلسطینیوں کے حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہوگا، یہ محض مذہبی یا علاقائی مسئلہ نہیں، بلکہ انسانی حقوق کا سوال ہے۔"
چین کی معیشت پر دانشمندانہ گفتگو
مہاتیر محمد نے پوڈکاسٹ میں چین کے عروج و زوال اور اس کے عالمی اثر و رسوخ پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے میں چین کے کردار کو "ایک مثال، مگر محتاط انداز میں سمجھنے کے قابل معاملہ" قرار دیا۔