کیا آپ صرف ایک گھر کے لیے موٹروے بنا رہے ہیں؟، چیئرپرسن کمیٹی کاسوال، منصوبے کی لاگت صوبائی حکومت برداشت کریگی، فی الحال این ایچ اے زمین کا سروے کر رہا ہے،حکام
پنجاب میں نئی موٹروے کی تعمیر تب تک نہیں ہونی چاہیے جب تک دیگر صوبوں میں زیر تعمیر موٹروے مکمل نہ ہو جائیں،سینیٹر قرۃ العین مری ، ترقیاتی فنڈز کا درست استعمال کیا جانا چاہیے،سینیٹرسعدیہ عباسی
اسلام آباد(آئی این پی )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی کے اجلاس میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ لاہور سے رائیونڈ تک صرف 16کلومیٹر طویل موٹروے تعمیر کی جائے گی۔ چیئرپرسن قرۃ العین مری کی زیرصدارت ہونے والے اس اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پر غور کیا گیا۔وزارت منصوبہ بندی کے حکام نے بتایا کہ گذشتہ مالی سال میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ایک ہزار ارب روپے کے اخراجات کیے گئے تھے۔ رواں مالی سال کے پی ایس ڈی پی میں 55غیر منظور شدہ منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جن کے لیے منصوبہ بندی کمیشن مکمل جائزے کے بعد این او سی جاری کرے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں این 5ہائی وے کے لیے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ہائی وے کے سات منصوبوں کے لیے غیر ملکی امداد دستیاب ہے۔ موٹروے ایم 6کی تعمیر کے لیے اسلامی ترقیاتی بینک تین سیکشنز کے لیے مالی معاونت فراہم کرے گا، جبکہ مزید دو سیکشنز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بنائے جائیں گے۔حیدرآباد،سکھر موٹروے کے علاوہ اس راستے پر موجود جی ٹی روڈ کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔ سینیٹر سعدیہ عباسی نے اسلام آباد کی سرکاری لائبریری میں کتابوں کو دیمک لگنے کے مسئلے پر تشویش کا اظہار کیا اور بتایا کہ دارالحکومت میں ایک علامہ اقبال ریسرچ سینٹر اور لائبریری کھولنے کا منصوبہ ہے۔سینیٹر سعدیہ عباسی نے زور دیا کہ ترقیاتی فنڈز کا درست استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ریمارکس کو حکام وزراء کے خلاف بیانات سمجھا جاتا ہے، جبکہ انہوں نے نیشنل ہیریٹیج سینٹر قائم کرنے کے منصوبے پر بھی سوال اٹھایا۔چیئرپرسن قرۃ العین مری نے کہا کہ پنجاب میں نئی موٹروے کی تعمیر تب تک نہیں ہونی چاہیے جب تک دیگر صوبوں میں زیر تعمیر موٹروے مکمل نہ ہو جائیں۔ سینیٹر منظور کاکڑ نے یارک،ژوب روڈ(این 50 )کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے پر زور دیا۔این ایچ اے کے حکام نے بتایا کہ لاہور سے رائیونڈ تک 16کلومیٹر کی موٹروے تعمیر کی جائے گی، جس پر قرۃ العین مری نے سوال اٹھایا کیا آپ صرف ایک گھر کے لیے موٹروے بنا رہے ہیں؟ ۔انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی لاگت صوبائی حکومت برداشت کرے گی، جبکہ فی الحال این ایچ اے زمین کا سروے کر رہا ہے۔