ایک کلو کوکین بلوچستان سے 85لاکھ روپے میں ملتی ہے، فروخت پر ایک کروڑ روپے منافع ملتا تھا
کوکین فراہمی کی ذمہ داری شاہ فہد کی تھی،جواپنی بیوی کیساتھ اسلام آباد سے منشیات کا ریکٹ چلارہاہے
شاہ فہد کا بھائی شاہ رخ بھی شاہ فیصل میں منشیات سپلائی کرتا ہے، ملزم علی خان کی تفتیشی رپورٹ جاری
کراچی(آئی این پی ) مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کو منشیات فراہم کرنے والے ملزم کی تفتیشی رپورٹ جاری کردی گئی جس میں ملزم علی خان نے انکشاف کیا کہ منشیات بلوچستان سے کراچی سمگل کی جاتی ہے۔ملزم علی خان نے حکام کو بتایا کہ کوکین فراہمی کی ذمہ داری شاہ فہد کی تھی، ملزم شاہ فہد اور اسکی بیوی اسلام آباد سے منشیات کا ریکٹ چلارہے ہیں، ایک کلو کوکین بلوچستان سے 85لاکھ روپے میں ملتی ہے۔ ملزم علی خان نے بتایا کہ شہر میں کوکین بلوچستان، اسلام آباد، لاہور اور پشاور سے پہنچائی جاتی ہے۔ ملزم نے اعتراف کیا کہ ایک گرام کوکین 16سے 18ہزار روپے میں فروخت کرتے ہیں، ایک کلو کوکین کی فروخت پر ایک کروڑ روپے منافع ملتا تھا۔ملزم علی خان نے بتایا کہ شاہ فہد کا بھائی شاہ رخ بھی شاہ فیصل میں منشیات سپلائی کرتا ہے، ملزم شاہ فہد بھی ارمغان کو بھی منشیات سپلائی میں ملوث رہا ہے۔دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مصطفی عامر قتل کیس کے بعد شاہ فہد، اسکے کارندے انڈر گرائونڈ ہیں جبکہ ملزم علی خان کو چند روز قبل سپیشلائزد انویسٹی گیشن یونٹ پولیس نے گرفتار کیا تھا۔