پاکستانیوں کی بڑی تعداد یواے ای کی معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کر رہی ہے:محسن نقوی
ویزا پالیسی میں آسانی سے شہریوں کو ریلیف ملے گا:یو اے ای کے نائب وزیراعظم سے ملاقات میں گفتگو
ابوظہبی (آئی این پی ) پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان پاکستانی شہریوں کیلیے ویزا خصوصا ورک ویزا میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق ضروری اقدامات پر اتفاق ہوگیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی دورہ متحدہ عرب امارات میں نائب وزیراعظم یواے ای شیخ سیف بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی۔وفاقی وزیر محسن نقوی کی یو اے ای وزارت داخلہ آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، نائب وزیراعظم یواے ای شیخ سیف بن زاید النہیان نے محسن نقوی کا استقبال کیا۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں علاقائی صورتحال اور خطے میں پائیدار امن سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، ملاقات میں سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور اے ای سے استفادہ کی ضرورت پرزور دیا گیا۔پاکستانیوں کیلئے ویزامیں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے ضروری اقدامات پر اتفاق رائے بھی کیا گیا، شیخ سیف بن زاید النہیان نے محسن نقوی کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس کوموقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی سمیت ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی بڑی تعداد یواے ای کی معیشت کی مضبوطی میں کردار ادا کر رہی ہے،ویزا پالیسی میں آسانی سے شہریوں کو بہت ریلیف ملے گا۔