محمود خان اچکزئی کے بیان پر بلوچستان عوامی پارٹی کا سخت ردعمل

محمود خان اچکزئی کے بیان پر بلوچستان عوامی پارٹی کا سخت ردعمل

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے مرکزی ترجمان میر ضیاء اللہ لانگو نے محمود خان اچکزئی کے اس بیان پر شدید ردعمل دیا ہے جس میں انہوں نے چار ماہ کے اندر بعض علاقوں کی پاکستان سے علیحدگی کا دعویٰ کیا تھا۔

کوئٹہ سے جاری اپنے بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کی سیاست ہمیشہ لسانی تعصب، قومی انتشار اور منفی بیانیے کے گرد گھومتی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اچکزئی ماضی میں بلوچ اور پشتون اقوام کے درمیان نفرت کو ہوا دیتے رہے ہیں اور بلوچستان کے عوام کے دلوں میں پنجابیوں کے خلاف زہر بھرنے کی کوششیں بھی کی جاتی رہی ہیں۔بی اے پی ترجمان نے کہا کہ محمود خان اچکزئی نے کبھی قومی یکجہتی، بھائی چارے اور پاکستان کے استحکام کی بات نہیں کی بلکہ ان کی سیاست ہمیشہ توڑ پھوڑ، نفرت اور علیحدگی پسند خیالات پر مبنی رہی ہے۔ ان کے مطابق ایسی سوچ محض خوابوں تک محدود ہوتی ہے اور عملی سیاست میں اس کی کوئی گنجائش نہیں۔

میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ حالیہ عام انتخابات میں بلوچستان کے عوام نے محمود خان اچکزئی کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے، اور اب وہ اپنی گرتی ہوئی سیاسی حیثیت کو سہارا دینے کے لیے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا کندھا استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’دہ چترال دہ بولان‘‘ جیسے نعرے عوام پہلے ہی دیکھ اور سمجھ چکے ہیں اور اب ایسی باتیں مزید اثر نہیں رکھتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ خواب دیکھنا کوئی جرم نہیں، مگر دن دہاڑے ایسے خواب دیکھنا سیاسی ناپختگی اور غیر سنجیدگی کی علامت ہے۔ بی اے پی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے بیانات سے محمود خان اچکزئی کے پاکستانی ہونے پر بھی سوالات اٹھنے لگتے ہیں، جو کہ افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔