لاہور ایک بار پھر رنگ، روشنی اور ثقافت کے تہوار بسنت کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ شہر میں بسنت فیسٹیول 2026 کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ نے تہوار کو یادگار بنانے کے لیے سجاوٹ اور تقریبات کا جامع پلان ترتیب دے دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق شہر کی 23 اہم شاہراہیں اور مقامات بسنت کے تھیم کے مطابق دلہن کی طرح سجائے جائیں گے، جن میں مین بلیوارڈ گلبرگ، نور جہاں روڈ، ایم ایم عالم روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، محمود قصوری روڈ، مین مارکیٹ، خیابانِ فردوسی، خیابانِ جناح، شاہراہ اوینِ تجارت، شادمان مارکیٹ روڈ، شاہراہ قائداعظم، شمالی لاہور، سرکلر گارڈن، آزادی چوک، نیازی انٹرچینج، پائن ایونیو، راوی ٹول پلازہ، شاہدرہ فلائی اوور، فیروزپور روڈ، ریلوے اسٹیشن، ایئرپورٹ روڈ اور حالی روڈ شامل ہیں۔
بسنت فیسٹیول کے دوران موسیقی اور ثقافتی تقریبات کا بھی اہتمام کیا جائے گا، جن میں نامور گلوکاروں اور میزبانوں جیسے فریحہ پرویز، راحت فتح علی خان، عارف لوہار، حدیقہ کیانی اور عاصم رضا اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔ دیوانِ عام میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بسنت کو محفوظ، منظم اور خاندانی تفریحی تہوار کے طور پر منایا جائے گا تاکہ شہری بھرپور انداز میں اس ثقافتی جشن سے لطف اندوز ہو سکیں۔