اسلام آباد میں شاہ چارلس کی 78ویں سالگرہ کی تقریب، پاکستانی اور برطانوی ثقافت کے رنگ نمایاں

اسلام آباد میں شاہ چارلس کی 78ویں سالگرہ کی تقریب، پاکستانی اور برطانوی ثقافت کے رنگ نمایاں

اسلام آباد: برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں ایک پروقار اور رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے فیشن، ثقافت، موسیقی اور روایتی کھانوں کے خوبصورت امتزاج نے تقریب کو منفرد بنا دیا۔

13 نومبر کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور دوستی کو اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستانی اور برطانوی ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات پیش کیے گئے، جبکہ برطانوی گیتوں کو پاکستانی موسیقی کے انداز میں پیش کرکے حاضرین کو محظوظ کیا گیا۔تقریب میں شریک مہمانوں کے لیے پاکستان اور برطانیہ کے روایتی کھانوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا، جس کے ذریعے دونوں ممالک کی ثقافت اور روایات کو نمایاں کیا گیا۔اس پروقار تقریب کے مہمان خصوصی وزیراعظم شہباز شریف تھے، جبکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا، کاروباری شخصیات، فیشن ڈیزائنرز اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات سمیت 600 سے زائد مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور دوستی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی تخلیقی صلاحیتیں اور کاروباری شعبوں میں باہمی تعاون روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔