پہلا سرکاری آٹزم سکول قائم، خصوصی بچوں کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں میسر ہوں گی: مریم نواز

پہلا سرکاری آٹزم سکول قائم، خصوصی بچوں کیلئے عالمی معیار کی سہولتیں میسر ہوں گی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں پاکستان کا پہلا سرکاری مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم کا افتتاح کر دیا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ پنجاب کا پہلا اور اپنی نوعیت کا جدید ترین ریسورس سینٹر ہے جہاں آٹسٹک بچوں کے لیے عالمی معیار کی تعلیم، تھراپی اور تربیت کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک سال قبل یہاں صرف خالی زمین تھی، آج یہ جگہ عالمی معیار کے آٹزم سینٹر میں تبدیل ہو گئی ہے، جسے دیکھ کر دل خوشی سے سرشار ہو گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اپنے نوعیت کے اس پہلے سرکاری آٹزم سینٹر میں ایک ہی چھت تلے علاج، تعلیم اور بحالی کی تمام جدید سہولتیں موجود ہیں، اور شاید دنیا بھر میں بھی اس طرح کا جامع ادارہ دستیاب نہ ہو۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب بھر میں 20 ہزار سے زائد خصوصی بچوں کا علاج اور سرجری کر کے انہیں معمول کی زندگی کی طرف لایا گیا ہے۔ انہوں نے والدین کی جدوجہد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آٹسٹک بچوں کے والدین غیر معمولی صبر اور حوصلے کے ساتھ روزمرہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہیں اور ریاست کا فرض ہے کہ ان کی مدد کرے۔

انہوں نے اپنی بھانجی کے بیٹے ابراہیم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ دو سال کی عمر میں اس کی آٹزم تشخیص ہوئی، جس کے بعد خاندان نے اس کیفیت کو قریب سے دیکھا۔آٹزم سینٹر میں اسپیچ تھراپی، میوزک تھراپی، آرٹ تھراپی، آکوپیشنل تھراپی، ساؤنڈ پروف اسپیکنگ روم، اوپن ایئر جم اور خصوصی ٹیکسچرڈ فرش جیسی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، تاکہ بچے مختلف تھراپی کے ذریعے اعتماد کے ساتھ زندگی گزارنا اور خیالات کا اظہار کرنا سیکھیں۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ آٹسٹک بچوں کی سہولتوں کو ہر ضلع تک وسعت دی جائے گی، خصوصی اساتذہ کی تربیت اور والدین کی ٹریننگ بھی فراہم کی جائے گی، اور پنجاب بھر میں 70 خصوصی بسیں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ منصوبہ صرف ایک اسکول نہیں بلکہ سماجی انقلاب کی بنیاد ہے۔ افتتاحی تقریب میں سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزرا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے بھی اس ادارے کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور آٹسٹک بچوں کے والدین کو یقین دلایا کہ ریاست ہر مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔