وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آٹزم کے عالمی دن پر خصوصی بچوں کے حقوق اور تعلیم پر زور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا آٹزم کے عالمی دن پر خصوصی بچوں کے حقوق اور تعلیم پر زور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹزم کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی بچوں کی تعلیم، تربیت اور بحالی کے حوالے سے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ آٹزم میں مبتلا افراد کو معاشرے میں برابر کے حقوق اور مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔

انہوں نے آگاہی بڑھانے اور عملی اقدامات تیز کرنے پر زور دیا، اور پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم سنٹر کے قیام کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے معاون خصوصی ثانیہ عاشق اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔وزیراعلیٰ کے مطابق لاہور میں قائم سکول آف آٹزم ایک منفرد ادارہ ہے جہاں ابتدائی مرحلے میں آٹزم کی تشخیص کی سہولت بھی دستیاب ہے، جبکہ صوبے کے 27 ڈویژنل پبلک سکولوں میں آٹزم سنٹرز قائم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مریم نواز سکول اینڈ ریسورس سینٹر فار آٹزم ایک تعلیمی ادارے سے بڑھ کر جامع فلاحی مرکز ہوگا جو خصوصی بچوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں مددگار ثابت ہوگا۔مزید برآں، حکومت آٹسٹک بچوں کے علاج اور تربیتی سرگرمیوں کو ضلع کی سطح تک پھیلانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، جبکہ ہمت کارڈ، ٹرانسپورٹ کی فراہمی اور سپیشل ایجوکیشن مراکز کی اپ گریڈیشن بھی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں 28 ادارے سنٹر آف ایکسی لینس میں تبدیل کیے جا رہے ہیں اور خصوصی بچوں کے لیے 70 بسیں فراہم کی جا رہی ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ خصوصی بچے معاشرے کا قیمتی حصہ ہیں اور انہیں مکمل تعاون فراہم کرنا ضروری ہے، اور پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن کو حکومتی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے، جس میں آئندہ بھی مزید بہتری لائی جائے گی۔