لاہور (کرائم رپورٹر) ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ڈولفن اور موبائلز اسکواڈ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق اجلاس میں بسنت کے موقع پر ناکہ جات، ڈولفن اسکواڈ افسران اور جوانوں کی بہترین کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی گئی۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی فرائض کی ادائیگی اسی جذبے، دلچسپی اور قومی ذمہ داری کے تحت جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس میں ڈویڑنل سپروائزری افسران اور سیکٹر انچارجز نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈولفن و موبائلز اسکواڈ اور ناکہ جات کی کارکردگی کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے بہتر میکنزم کی تشکیلِ نو کا فیصلہ کیا گیا۔ ایس پی ڈولفن نے واضح کیا کہ ڈیوٹی میں عدم دلچسپی، ناقص پٹرولنگ اور کرپشن پر فوری طور پر رپورٹس مرتب کی جائیں گی۔ شفٹ انچارجز اور سیکٹر انچارجز کی بھی ویجلنس رپورٹس تیار کی جائیں گی، جبکہ اب ویجلنس رپورٹس صرف ٹیموں تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ سیکٹر انچارجز بھی اس میں شامل ہوں گے۔ایس پی ڈولفن اختر نواز کا کہنا تھا کہ سیکٹر انچارجز کی جانب سے کمزور کمانڈ، کرپشن یا شہریوں سے ناروا سلوک کی صورت میں محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید برآں، سیکٹر اور ناکہ انچارجز اپنی ٹیموں کی غفلت یا کرپشن کی بروقت اطلاع نہ دینے کی صورت میں شریکِ ملزم تصور ہوں گے۔ایس پی ڈولفن نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ڈیوٹی میں عدم دلچسپی، کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے ناکہ جات کی سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی۔اجلاس میں یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ڈولفن ٹیمیں اور ناکہ جات پر تعینات تمام جوان بلٹ پروف جیکٹس کا استعمال یقینی بنائیں۔ ڈولفن اور مجاہد اسکواڈ کو ای پولیس ایپ کے ذریعے مشتبہ افراد کا زیادہ سے زیادہ ڈیٹا چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے ڈویڑنل افسران اور انچارج ناکہ جات کو موبائلز اسکواڈ اور ٹیموں کی باقاعدہ چیکنگ اور مانیٹرنگ یقینی بنانے کی تاکید کی۔