پولیس افسران اور جوانوں کا عوام سے رویہ بہتر بنایا جائے گا:منزہ

 اور عوام سے حسن سلوک کے موضوعات پر خصوصی لیکچرز دیے جائیں:ایس پی ہیڈ کوارٹرز 
لاہور (کرائم رپورٹر) ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ لاہور میں ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پولیس افسران اور مدات انچارجز نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈی ایس پیز بابر شوکت، ثاقب بٹ، ریزرو انسپکٹرز ندیم اختر، سید حماد شاہ، لائن آفیسر احسان الحق، ریڈر لائن محمد عمران، سب انسپکٹرز اقبال احمد، صداقت علی، رئیس احمد سمیت دیگر پولیس افسران موجود تھیایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران اور جوانوں کا عوام سے رویہ مزید بہتر بنایا جائے گا اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی ذمہ داری کو پروان چڑھانے کے لیے بہتر رویہ کلیدی کردار ادا کرتا ہے، اس لیے تمام افسران اور جوان عوام سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔انہوں نے جوڈیشل ونگ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ماتحت نفری کو عوام سے بہتر رویہ اختیار کرنے اور کمیونٹی پولیسنگ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی تلقین کریں۔ ایس پی منزہ کرامت نے زور دیا کہ عوام اور ماتحت نفری کے ساتھ خوشگوار تعلقات کے فروغ کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔مزید برآں ہدایت کی گئی کہ پولیس لائنز اسکول میں جاری کورسز کے دوران افسران اور جوانوں کو پبلک سروس ڈلیوری اور عوام سے حسن سلوک کے موضوعات پر خصوصی لیکچرز دیے جائیں۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔