گردوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر پولیس لائنز ہسپتال میں مریضوں کا معائنہ کریں گے
لاہور(کرائم رپورٹر)پولیس افسران اور جوانوں کی صحت و فلاح کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران کی ہدایت پر مؤثر ویلفیئر اقدامات جاری ہیں ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت کے مطابق ڈسٹرکٹ ہسپتال پولیس لائنز میں میو ہسپتال سے مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹرز روزانہ کی بنیاد پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں تاکہ پولیس افسران، جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ آج گردوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹر پولیس لائنز ہسپتال میں مریضوں کا معائنہ کریں گے، جبکہ ناک، کان اور گلے کے ماہر ڈاکٹر بھی علاج و معالجہ کے لیے موجود ہوں گے۔ اس کے علاوہ گائناکالوجسٹ، ڈینٹسٹ، فزیوتھراپسٹ اور جلد کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز بھی مریضوں کے چیک اپ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ایس پی منزہ کرامت نے کہا کہ پولیس افسران، جوان اور ان کے اہل خانہ پولیس لائنز ہسپتال میں مفت چیک اپ کی سہولت سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ ہسپتال میں لیبارٹری ٹیسٹ اور ایکسرے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کی صحت کے حوالے سے محکمہ ہمیشہ کوشاں رہا ہے کیونکہ جسمانی طور پر فٹ افسران اور جوان ہی عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار رہتے ہیں