اسلام آباد (آن لائن) تھانہ کھنہ پولیس نے بینکوں سے رقم نکالنے والے شہریوں کو لوٹنے والی شیخو گینگ کے دو ارکان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے 22 لاکھ روپے کی نقدی اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، جو انہوں نے متعدد وارداتوں میں استعمال کیا تھا۔گرفتار ملزمان نے جڑواں شہروں میں اسلحے کے زور پر کئی وارداتیں کیں اور دورانِ واردات شہریوں کو زخمی کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے کہا کہ شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ڈی آئی جی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منظم اور متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا اور گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔