راولپنڈی:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے "دھی رانی پروگرام" کے تحت راولپنڈی میں 36 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں راولپنڈی، کہوٹہ، کوٹلی ستیاں اور سرگودھا ڈسٹرکٹ سے تعلق رکھنے والے جوڑے شادی کے بندھن میں بندھے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ہر جوڑے کو جہیز کا سامان، جیولری اور سلامیاں دی گئیں۔ شادی کی تقریب میں ہر جوڑے کے خاندان کے 10،10 افراد نے شرکت کی، جبکہ ڈھول کی تھاپ پر گیت بھی پیش کیے گئے، جس سے تقریب کی رونق مزید بڑھ گئی۔وزیر سوشل ویلفیئر پنجاب، بیگم سپیل شوکت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھی رانی پروگرام ایک تاریخی اقدام ہے، جس کے ذریعے مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی شادیاں کرائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیاں قوم کا سرمایہ ہوتی ہیں، اور ان کا محفوظ مستقبل یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دھی رانی پروگرام کے ذریعے ایک شفیق ماں کا کردار ادا کیا ہے، اور ریاست اپنے وسائل کو عوام تک پہنچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔