لاہور میں دھی رانی پروگرام کے تحت 150 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

لاہور میں دھی رانی پروگرام کے تحت 150 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دھی رانی پروگرام کے تحت لاہور میں 150 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے جوڑوں نے بھی شرکت کی۔

تقریب کا مقصد مستحق خاندانوں کی مالی مشکلات کم کرنا اور ان کی بیٹیوں کو باعزت طریقے سے رخصت کرنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔اجتماعی شادیوں کی تقریب میں صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ ایم پی اے بی بی وڈیری سمیت مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنما اور کارکنان بھی تقریب میں موجود تھے۔دھی رانی پروگرام کے تحت لاہور کے 150 مستحق جوڑے اپنی نئی زندگی کا آغاز کر رہے ہیں۔ تقریب میں مختلف مذاہب اور اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے جوڑوں کی شرکت نے پروگرام کی شمولیتی نوعیت کو بھی اجاگر کیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرد کو عورت کی عزت کرنی چاہیے، تمام خواتین قابل احترام ہیں اور ہر عورت کو اس کے مقام اور مرتبے کے مطابق عزت ملنی چاہیے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ماضی میں سرکاری سطح پر اس انداز میں اجتماعی شادیوں کی تقریبات منعقد نہیں ہوا کرتی تھیں، تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے دھی رانی پروگرام شروع کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وزیراعلیٰ مریم نواز اجتماعی شادیوں میں شامل ہونے والے جوڑوں کو سلامی بھی بھجواتی ہیں، جس سے مستحق خاندانوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے اور انہیں اپنی خوشیوں کے موقع پر حکومتی تعاون حاصل ہوتا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ جب کوئی انسان تیزی سے ترقی کرتا ہے تو اس کے دشمن بھی بڑھ جاتے ہیں۔ انہوں نے اجتماعی شادیوں میں شریک نئے جوڑوں کو مبارکباد دیتے ہوئے نصیحت کی کہ شادی شدہ زندگی میں ایک دوسرے کی عزت اور احترام کو ہمیشہ مقدم رکھیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ازدواجی زندگی کی کامیابی کے لیے باہمی اعتماد، محبت اور احترام بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ میاں بیوی کو ایک دوسرے کے جذبات کا خیال رکھنا چاہیے اور زندگی کے ہر مرحلے میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے۔