صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت محکمہ سوشل ویلفیئر کا اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈی جی سوشل ویلفیئر ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں دھی رانی، ہمت کارڈ، اسسٹیو ڈیوائسز اور وہیل چیئر پروگرامز کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت رواں سال 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے درخواستوں کی شفاف تصدیق اور مستحق افراد کے میرٹ پر انتخاب کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔سہیل شوکت بٹ نے دھی رانی پروگرام کے مستحق خاندانوں کو کیش سلامی کے حصول میں سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب بینک کے ذریعے اے ٹی ایم کارڈز کی بروقت تیاری یقینی بنانے کا حکم دیا۔اجلاس میں ہمت کارڈ کے مستحق افراد، بالخصوص خصوصی افراد کو درپیش مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کی ہدایت بھی کی گئی۔ اس موقع پر ہمت کارڈ کے بجٹ اور پروگرام سے متعلق دیگر امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس کے علاوہ اسسٹیو ڈیوائسز اور وہیل چیئر پروگرامز کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر نے مستحق افراد تک ضروری سہولیات کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں دھی رانی پروگرام کی آئندہ تقریبات کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا، جبکہ صوبائی وزیر نے تمام انتظامات بروقت مکمل کرنے کا حکم دیا۔