مظفرگڑھ میں پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت 104 جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب منعقد کی گئی، جس میں شادی شدہ جوڑوں کو مختلف تحائف اور مالی معاونت فراہم کی گئی۔
اس موقع پر ہر جوڑے کو ایک لاکھ روپے کی سلامی دی گئی، ساتھ ہی ان کے لیے جہیز کا سامان بھی تقسیم کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد غریب خاندانوں کی بچیوں کے لیے شادی کے اخراجات کم کرنا تھا، تاکہ وہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں تبدیل کر سکیں۔تقریب میں وزیر سوشل ویلفیئر سہیل شوکت نے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پروگرام بچیوں کے والدین کے لیے ایک تحفہ ہے، جو ان کی زندگیوں میں خوشیاں لانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے مریم نواز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف پنجاب کی بیٹی ہیں بلکہ اس صوبے کی ماں بھی ہیں، جو اپنے عوام کی فلاح کے لیے کام کر رہی ہیں۔نئے شادی شدہ جوڑوں نے اس پروگرام کی تعریف کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس نوعیت کی مدد سے ان کی زندگی میں خوشیاں آ رہی ہیں اور ان کے لیے اس اہم دن کو منانے میں مدد ملی ہے۔