اسلام آباد:نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال، بالخصوص غزہ میں جاری انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور فلسطینی عوام کو ان کے آبائی وطن سے بے دخل کرنے یا منتقل کرنے کی کسی بھی تجویز کو ناقابلِ قبول قرار دیا۔وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور ان کے جائز حقوق کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل کے لیے عالمی برادری کو متحرک کیا جائے اور اس سلسلے میں قریبی روابط کو مزید مضبوط کیا جائے۔