صدر ٹرمپ نے سٹیل و المونیم کی درآمدات پر 25فیصد ٹیرف لگادیا

 ٹیرف تمام ممالک پر لاگو ہوگا، کسی کو رعایت یا استثنا نہیں ملے گا، امریکی صدر نے ایگزیکٹوآرڈرزپردستخط کردیے
واشنگٹن(آئی این پی ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سٹیل اور المونیم کی درآمدات پر 25فیصدٹیرف لگادیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تمام ممالک سے امریکا درآمد ہونے والی سٹیل اور المونیم پر 25فیصد ٹیرف لگانے کے ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کردئیے۔اس موقع پر ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں سٹیل اور المونیم اپنے ملک میں بنانے کی ضرورت ہے ناکہ باہر ممالک میں، یہ بہترین وقت ہے کہ ہماری صنعتیں امریکا واپس آئیں، ہم انہیں واپس لانا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکی صنعت کو دوست اور دشمن دونوں ممالک نے یکساں طور پر نقصان پہنچایا، ہمیں اپنے ملک کے مستقبل کے لیے ان چیزوں کو ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ سٹیل اور المونیم مصنوعات کی درآمدات پر 25فیصد ٹیرف تمام ممالک پر لاگو ہوگا اور کسی کو رعایت یا  استثنا نہیں ملے گا۔