عمران خان اور بشریٰ بی بی کو غیر انسانی طریقے سے قید اور آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے:سہیل افریدی

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو غیر انسانی طریقے سے قید اور آئسولیشن میں رکھا جا رہا ہے:سہیل افریدی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل افریدی نے ایک اہم اجلاس کے دوران کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی بیوی بشریٰ بی بی کو ناحق اور غیر انسانی طریقے سے قید میں رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ کو سردیوں کا سامان تک فراہم نہیں کیا جا رہا، اور عمران خان کی بہنوں پر واٹر کینن چلانے اور ان کی عزت مجروح کرنے کے اقدامات شرمناک ہیں۔وزیراعلیٰ نے اس سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اس غیر انسانی رویے کے خلاف ہر ممکن اقدام کرے گی۔ انہوں نے این ایف سی اجلاس میں صوبائی حقوق کے تحفظ کے لیے سب کمیٹی قائم کرنے کا اعلان بھی کیا، جس کی سربراہی صوبائی مشیر خزانہ کریں گے۔ یہ کمیٹی وفاق کو سفارشات پیش کرے گی تاکہ حقوق صوبے کے تحفظ کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔

سہیل افریدی نے واضح کیا کہ صوبہ کے حقوق کے لیے تمام سیاسی اور قانونی راستے استعمال کیے جائیں گے، اور انہوں نے محکمہ خزانہ کو ہدایت دی کہ وہ ہر ہفتے وفاق کو بقایاجات، بشمول این ایچ پی اور این ایف سی کے بقایاجات، کے حوالے سے خط بھیجے تاکہ تمام تفصیلات ریکارڈ میں رہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 100 ارب روپے کا وعدہ کیا گیا تھا، مگر سات سال میں صرف 168 ارب روپے فراہم کیے گئے، اور ابھی بھی 532 ارب روپے کی رقم بقایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے اپنی بقایاجات کے حوالے سے بھی ہفتہ وار خطوط وفاق کو بھیجیں تاکہ عمل درآمد اور ریکارڈ کی تصدیق ہو سکے۔